سابق وفاقی وزیراطلاعات اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایس پی او جاوید جبار نے کہا ہے کہ معاشرے کی بہتر پولیٹیکل سوشلائزیشن کے لیے پرائمری اور ثانوی تعلیمی نصاب میں اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی تبدیلیاں لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی اور ایس پی او کے تعاون سے پولیٹیکل سوشلائزیشن میں تعلیم کے کردار کے موضوع پر تربت یونیورسٹی میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تربت یونیورسٹی کی منیجمنٹ، اساتذہ اور طالب علموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور کوششوں سے تربت یونیورسٹی نے مختصر عرصہ میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یونیورسٹی نے نمایاں ملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی صف میں اپنی پہچان بنا لی ہے۔
سابق وفاقی وزیراطلاعات اور سینئر صحافی جاوید جبار نے یقین دلایا کہ ایس پی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد تربت یونیورسٹی میں زیرتعلیم لائق اور غریب طالب علموں کے لیے سکالرشپ کا اجرا کیا جائے گا۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرٹس، ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز اور انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ نے کہا کہ مکران کا علاقہ ثقافت آثارِقدیمہ اور تہذیب کے لحاظ سے ایک زرخیز خطہ ہے اور یہاں کے لوگوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کا بے پناہ جذبہ پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی مثبت سماجی تبدیلی اور سیاسی شعور اجاگر کرانے میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے، تربت یونیورسٹی کے قیام کے بعد اس خطہ میں تعلیمی ترقی کا سفر تیز ہوا ہے اور تربت یونیورسٹی کے فارغ التحصیل گریجویٹس مختلف اداروں میں صوبہ اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ایس پی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیف ایگزیکٹیوسلیم ملک، بی بی سی ایل کے پرویز اقبال ،ایس پی او کے ممبرز بورڈ آف ڈائریکٹرز عابدرضوی، زینت یوسفزئی، اور فریدہ نوشیروانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پولیٹیکل سوشلائزیشن کے لیے تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کی ترقی کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سمینار سے رجسٹرار تربت یونیورسٹی ڈاکٹر حنیف الرحمان، کنٹرولر امتحانات تنویر احمد، ڈپٹی رجسٹرار گنگزار بلوچ اور تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرزاور سینئر افسران کے علاوہ طالب علموں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
سمینار سے خطاب کرتے ہو ئے تربت یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم کی چئیرپرسن شہناز اسلم اور شعبہ پولیٹیکل سائنس کے چیئرمین چنگیز احمد نے سمینار میں شرکت کرنے پر سابق وفاقی وزیراطلاعات اور سینئر صحافی جاوید جباراور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
سمینار کے آخر میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبوربلوچ نے سابق وفاقی وزیراطلاعات جاویدجباراور دیگر معزز مہمانوں کو یونیورسٹی کا یادگاری شیلڈ پیش کی۔
اس سے پہلے تربت یونیورسٹی آمد پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس، ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ نے رجسٹرار تربت یونیورسٹی ڈاکٹر حنیف الرحمان، کنٹرولر امتحانات تنویر احمد اور ڈپٹی رجسٹرار گنگزار بلوچ کے ہمراہ معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کو یونیورسٹی کے مختلف حصے دکھائے۔